پاکستان میں عام انتخابات کا شیڈول، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے 6 دن

پاکستان  میں عام انتخابات  کا شیڈول، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے 6 دن


اسلام آباد ( اردو ورلڈ مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں عام انتخابات کیلئے شیڈول کا اعلان  14 دسمبر کو  کرے گا۔ اردو ورلڈ کو ذرائع سے معلوم ہو ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے  عام  انتخابات  2024کے لیے ریٹرننگ افسران انتظامیہ سے لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں اس سے قبل عدلیہ سے ریٹرننگ افسران لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا مگر عدلیہ کی جانب سے کوئی جواب نہ ملنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز ہوں گے۔

 

الیکشن 2024 کے شیڈول کے اعلان کے بعد کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے 6 دن کا وقت دیا جائے گا۔  کاغذات نامزدگی جمع ہونے کے بعد نامزد امیدواروں کی فہرست اگلے ہی  روز شائع کردی جائے گی۔

 

الیکشن 2024 کیلئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے 8 دن کا وقت دیا جائے گا۔  کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے پر اپیل دائر کرنے کے لیے 4 دن ہوں گے۔  اسی طرح کاغذات نامزدگی کی اپیلوں پر فیصلہ کرنے کے لیے 7 دن کا وقت ہوگا۔

 

ذرائع کے مطابق الیکشن 2024 کے شیڈول کے مطابق امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست اپیلوں پر فیصلوں کے اگلے روز شائع کی جائے گی اور  اگلے ہی روز کاغذات نامزدگی واپس لیے جاسکیں گے۔ جبکہ اس کے ایک روز بعد امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے اور حتمی فہرست بھی  شائع کی جائے گی۔

 

یاد رہے کہ پولنگ کی تاریخ اور امیدواروں کی حتمی فہرست  کی اشاعت میں 28 دن کا وقفہ ہونا چاہئے۔

 

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 کی تیاریوں کے سلسلے میں حتمی حلقہ بندیوں کی فہرستیں اور نقشے شائع کر دیئے ہیں۔ اس طرح  حتمی انتخابی ووٹر فہرستیں بھی تیار ہو چکی ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیں:

لیہ تونسہ پل و تھل دامان روڈ اپڈیٹ گروپ کا مشاورتی اجلاس

سردارامجد فاروق این اے 183 کے مضبوط امیدوار ہیں۔ پیر بشیر جعفر ، سعیداللہ گاڈی

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے