دریائے سندھ نے این ایچ اے کے تعاون سے لوگوں کے روزگار کے ذرائع چھننا شروع کر دیئے

دریائے سندھ نے این ایچ اے کے تعاون سے لوگوں کے روزگار  کے ذرائع چھننا شروع کر دیئے


ریتڑہ ( نمائندہ اردو ورلڈ ) دریائے سندھ نے این ایچ اے کے تعاون سے لوگوں کے روزگار کے ذرائع چھننا شروع کر دیئے۔ عوام شدید مشکلات کا شکار ہو کر رہ گئے ہیں۔  لوگوں نے انصاف کے حصول کیلئے عدالتوں سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

 

تفصیلات کے مطابق لیہ تونسہ پل منصوبہ 6 سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود تکمیل کے مراحل طے نہ کر سکا جس کے باعث دریائے سندھ نے لوگوں کے روزگار کا ذریعہ زرعی اراضی کو نگلنا شروع کر دیا ہے۔  تیزی سے ہونے والے شدید کٹاؤ  کے باعث 4 کلو میٹر سے زائد رقبہ دریا برد ہو چکا ہے۔  جس کے باعث اہل علاقہ اپنے روزگار، کھڑی فصلوں اور اراضی سے محروم ہو گئے ہیں۔ جس کے باعث مہنگائی کے اس دور میں شدید مشکلات کا شکار ہو کر رہ گئے ہیں۔

 

" اردو ورلڈ " سے گفتگو کرتے ہوئے اہل علاقہ نے کہا ہے کہ این ایچ اے حکام کی مجرمانہ غفلت اور روڈ کے ٹھیکیدار کے لالچ نے سینکڑوں افراد کو دووقت کی روٹی سے بھی محروم کر دیا ہے۔ دونوں اطراف روڈز کی تعمیر کیلئے معینہ مدت میں ٹھیکیدار نے 10 فیصد کام بھی مکمل نہ کیا اور سپر بندوں کی تعمیر کیلئے پانی کو پل کے نیچے منتقل کئے بغیر مٹی ڈال دی جس کی وجہ سے دریائے سندھ کی بے رحم موجوں نے انسانی آبادیوں اور زرعی اراضی کا رخ کر لیا ہے۔ کٹاؤ  کے باعث 4 کلومیٹر رقبہ  دریا برد ہو چکا ہے۔ لوگ قیمتی اراضی، کھڑی فصلوں اور ڈیروں سے محروم ہو گئے۔

 

اہل علاقہ نے مزید کہا کہ ٹھیکیداروں کی لڑائی نے  منصوبے کی تکمیل میں روڑے اٹکائے  اور تاخیر  کا شکار کیا۔ جس سے جانے والا ٹھیکیدار نہ نقصان کا شکار ہو گا اور آنے والے  ٹھیکیدار کی تو پانچوں انگلیاں گھی میں ہوں گی۔ منصوبے کی لاگت بھی بڑھ جائے گی اور سابقہ ٹھیکیدار کے کام کو بھی کم ظاہر کر کے نئے ٹھیکیدار کو فائدہ پہنچایا جائے گا۔ لیکن جن اہل علاقہ کا نقصان ہو رہا ہے انہیں کوئی پوچھنے والا بھی نہیں۔

 

اہل علاقہ نے " اردو ورلڈ " کو بتایا کہ وہ اپنے نقصان کے ازالے کیلئے اور منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کیلئے این ایچ اے اور ٹھیکیدار کے خلاف  عدالت سے رجوع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کیلئے انہوں نے قانونی مشاورت کیلئے وکلاء کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ جو جلد ہی پٹیشن تیار کر کے عدالت میں دائر کر دے گی۔

 

یہ بھی پڑھیں:

الیکشن2024 شیدول جاری، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے صرف 3 دن کا وقت

لیہ تونسہ پل و تھل دامان روڈ اپدیٹ گروپ کی میٹنگ، تحریک کو منظم کرنے کیلئے کمیٹیوں کی تشکیل

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے