عثمانیہ یونیورسٹی حیدر آباد کا 83 واں کانووکیشن، 1024 پی ایچ ڈی اسکالرز میں ڈگریاں تقسیم

عثمانیہ یونیورسٹی حیدر آباد کا 83 واں کانووکیشن، 1024 پی ایچ ڈی اسکالرز میں ڈگریاں تقسیم


حیدر آباد ( اردو ورلڈ مانیٹرنگ ڈیسک) عثمانیہ یونیورسٹی حیدر آباد (انڈیا) کے 83 ویں کانووکیشن کا انعقاد  گذشتہ روز ( 31 اکتوبر 2023)عمل میں لایا گیا۔  83 ویں کانووکیشن کا انعقاد عثمانیہ یونیورسٹی کے ٹیگور آڈیٹوریم کیا گیا۔  عثمانیہ یونیورسٹی کے 83 کانووکیشن کی صدارت گورنر تلنگانہ  اور چانسلر ڈاکٹر تملی سائی سوندرا راجن نے کی۔  جبکہ شانتا نو نارائن  چیف ایگزیکٹو افیسر اڈوب انکارپوریشن امریکہ نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔

 

یونیورسٹی کے 83ویں کانووکیشن کی تقریب میں 1024 پی ایچ ڈی اسکالرز میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔  اسی طرح 58 طلبہ و طالبات میں گولڈ میڈلز عطا کئے گئے۔  یاد رہے کہ عثمانیہ یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار ایک کانووکیشن کی تقریب میں 1000 سے زائد  پی ایچ ڈی اسکالرز میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔  

 

گورنر تلنگانہ  اور چانسلر ڈاکٹر تملی سائی سوندرا راجن نے عثمانیہ یونیورسٹی کے 83 ویں کانووکیشن کی صدارت کرنے پر فخر اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عثمانیہ یونیورسٹی نے معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرے کو بہترین شہری بھی عطا کئے ہیں۔   انہوں  نے طلبہ و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ  وہ عالمی معیار کو مدنظر رکھ کر خود کو جامع انداز میں تیار کریں۔  یہاں سیکھنے کیلئے آئیں اور یہاں سے نکل کر انسانیت کی خدمت کریں۔

 

شانتانو نارائن سی ای او اڈوب نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں شانتانو نارائن نے کہا کہ طلبہ و طالبات اپنے آپ کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار کریں وہ اپنے آپ کو مستقبل کے معمار کے طور پر رکھ کر اعلیٰ کارکردگی دکھانے کیلئے ہر پل سے فائدہ اٹھا کر بہترسے بہترین  کی جانب گامزن رہیں۔  اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لا کر کامیابیوں کا سفر طے کریں۔

 

وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی حیدر آباد پروفیسر ڈی رویندر  یادو نے کانووکیشن کے خیرمقدمی خطاب میں کہا کہ 106 سالہ اس یونیورسٹی کا یہ 83 واں کانووکیشن ہے۔  پچھلے 3 سال سے بلا ناغہ کانووکیشن منعقد کیا جا  رہا ہے۔   اس بار یہ اعزاز کی بات ہے کہ پہلی بار 1000 سے زائد پی ایچ ڈی اسکالرز کو ڈگریاں عطا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی کی اب تک کی کامیابیوں اور مستقبل کے ارادوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

 

نوٹ: عثمانیہ یونیورسٹی کے 83ویں کانووکیشن میں اردو ورلڈ ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے کی لکھاری ڈاکٹر تبسم آراء  کو بھی پی ایچ ڈی کی ڈگری عطا کی گئی جس پر ادارہ انہیں مبارکباد و تحسین پیش کرتا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیں:

انشائیہ کا مفہوم اور اس کی خصوصیات -  تحریر: ڈاکٹر تبسم آراء

ڈاکٹر تبسم آراء کی کتاب نگارشات تبسم کی تقریب  رسم اجراء، شرکاء کی  مبارکباد

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے