مسائل حل کرنے والے سیاسی نمائندوں کو منتخب کریں۔ قاری عبدالحمید تونسوی اور دیگر کا خطاب

مسائل حل کرنے والے سیاسی نمائندوں کو منتخب کریں۔ قاری عبدالحمید تونسوی اور دیگر کا خطاب

 

ریتڑہ ( نمائندہ اردوورلڈڈاٹ کام ڈاٹ پی کے) آنے والے الیکشن میں علاقائی مسائل کے حل کیلئے کوشاں سیاستدانوں کو منتخب کریں۔ ڈیڑھ سال سے تونسہ چشمہ کینال کے پانی سے محروم ہے اور نہ 6 سال گزرنے کے باوجود لیہ تونسہ پل منصوبہ مکمل ہونے میں آ رہاہے۔ لوگوں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ کوئی مسیحا کا کردار ادا کرنے کو تیار نہیں۔ یہاں کے صحافی نامسائد حالات کے باوجود بہترین کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز عالم دین مولانا قاری  عبدالحمید تونسوی ، سابق چیئرمین یوسی ڈونہ ملک منصور احمد، سابق یوسی چیئرمین و صدر مسلم لیگ ن ضلع تونسہ سردار عبدالحفیظ میرانی، طیب پراپرٹی نیٹ ورک پاکستان کے سی ای او قاری طیب قاسمی، قاری محمد طیب گورمانی نے بستی منجوٹھہ میں  عشائیہ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

 

مولانا قاری عبدالحمید تونسوی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ آنے والے الیکشن میں علاقائی مسائل کو سمجھنے والے اور ان کے حل کا عزم رکھنے والے سیاسی نمائندوں کو منتخب کیا جائے۔تونسہ کے عوام ڈیڑھ سال سے چشمہ کینال کے پانی سے محروم ہیں۔ لیہ تونسہ پل منصوبہ 6 سال گزرنے کے باوجود مکمل ہونے میں نہیں آ رہا مگر کسی عوامی نمائندے کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ اب وقت آ گیا ہے ہم صحیح نمائندے کا انتخاب کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تونسہ کے صحافی نامسائد حالات کے باوجود بہترین کام کر رہے ہیں اور علاقے کے مسائل اجاگر کرنے کی کامیاب مساعی کر رہے ہیں۔ میری تمام اہل علاقہ سے گزارش ہے کہ وہ ان صحافی دوستوں کے ہاتھ مضبوط کریں جو قربانیاں دے کر اہل علاقہ کے مسائل کے حل کیلئے وقت اور پیسہ صرف کر  رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا چونکہ زیادہ تر وقت کراچی میں گزرتا ہے تو وہاں اور یہاں کے صحافیوں کا موازنہ کریں تو زمین آسمان کا فرق نظر آتا ہے۔ وہاں کے صحافی اداروں سے لاکھوں روپے تنخواہ بھی لیتے ہیں اور مہنگے مہنگے آلات اور گاڑیوں کا استعمال بھی کرتے ہیں۔ مگر یہاں کا صحافی بے دست و پا ہو کر بھی بہترین کام کر رہا ہے۔ یہاں نہ ادارے تعاون کرتے ہیں اور نہ اہل علاقہ انہیں سپورٹ فراہم کرتے ہیں۔

 

سابق چیئرمین یوسی و صدر پریس کلب تونسہ ملک منصور احمد نے کہا کہ علاقائی مسائل کا حل ضروری ہے۔ ضلع تونسہ کا نوٹیفیکیشن ہو چکا ہے۔ اس وقت چونکہ نگران حکومت ہے اس لئے ضلع کو ایکٹیویٹ کرنے کیلئے جن بھاری فنڈز کی ضرورت ہے وہ فراہم کرنے سے قاصر ہے۔ لیکن جیسے ہی نئی حکومت نے کام سنبھالا یہاں پر انتظامی مشینری اپنا کام شروع کر دے گی۔ اگر اس وقت بھی بلدیاتی الیکشن ہوں تو وہ ضلع تونسہ ہی کے نام پر ہوں گے۔

 

سابق چیئرمین یوسی مورجھنگی و صدر مسلم لیگ ن ضلع تونسہ شریف سردار عبدالحفیظ میرانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے کسی سیاسی وابستگی کو خاطر میں نہ لایا جائے۔ بلا تفریق تمام علاقائی نمائندوں کو یکجا ہو کر اپنے حقوق کی بات کرنی چاہیئے۔ چشمہ کینال کی بندش ہو یا لیہ تونسہ پل منصوبے کی تکمیل میں تاخیر یہ ہمارے اجتماعی مسائل ہیں۔ ان مسائل کے حل کیلئے ہمیں بھرپور انداز سے آواز اٹھانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ہمارے میڈیا کے دوست موثر انداز میں آواز اٹھا رہے ہیں۔ جن کی اگر تعریف نہ کی جائے تو زیادتی ہو گی۔ تونسہ میں میڈیا کا کردار ہمیشہ مثبت رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سات سال گزرنے کے باوجود دانش سکول بھی ابھی تک نامکمل ہے اس بارے میں بھی آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اسی طرح بستی منجوٹھہ اور گردونواح  کے مسائل کو بھی حل کرنے کی ضرورت ہے۔ آمدورفت کیلئے راستے انتہائی کٹھن ہیں۔ سیاسی نمائندوں کو اس جانب بھی توجہ کرنے کی ضرورت ہے۔

 

سید جواد حسین شاہ نے بھی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسائل کے حل کیلئے بہترین کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور یہ محفل سجانے پر قاری محمد طیب قاسمی اور قاری محمد طیب گورمانی کا شکریہ ادا کیا۔

 

اس سے قبل قاری محمد طیب قاسمی اور قاری محمد طیب گورمانی نے گفتگو کرتے ہوئے اہل علاقہ کو درپیش مسائل کا ذکر کیا اور ان کے حل کیلئے اکٹھے ہو کر جدوجہد کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔  انہوں نے علاقائی مسائل کے حل میں میڈیا نمائندگان کے کردار کی تعریف کی او ر کہا کہ جس طرح میڈیا کے دوست یہ کردار ادا کر رہے ہیں وہ انتہائی قابل تحسین ہے۔

 

طیب پراپرٹی نیٹ ورک پاکستان کے سی ای او قاری محمد طیب قاسمی اور قاری محمد طیب گورمانی کی جانب سے مولانا قاری عبدالحمید تونسوی ، میڈیا نمائندگان اور دوستوں کے اعزاز میں بستی منجوٹھہ میں ایک عشائیہ کا انتظام کیا گیا۔ عشائیہ میں عشائیہ میں مولانا قاری عبدالحمید تونسوی،  صدر پریس کلب تونسہ و سابق چیئرمین یوسی ملک منصور احمد، سابق چیئرمین یوسی و صدر مسلم لیگ ن ضلع تونسہ سردار عبدالحفیظ خان میرانی،صدرمسلم لیگ ن کسان ونگ ضلع تونسہ شریف  سردار محمد اقبال خان ملکانی، سردار بلال خان گورمانی، سابق کونسلر نذیر احمد بھٹہ، قدرت اللہ شفیع، ڈاکٹر اعجاز میانہ،  چیف ایڈیٹر "اردو ورلڈ ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے " فاروق شہزاد ملکانی، نعمت اللہ ملکانی، محمد اکبر دوانی، عامر اکبر دوانی، کونسلر ضمیر خان میرانی، رحمت اللہ قیصرانی ،حکیم سعادت اللہ رند، محمد سلیم قریشی، سید صفدر اعجاز شاہ، احد بخش قیصرانی ، غلام یاسین لاشاری ، عثمان خان قیصرانی ،ماسٹر عبدالقیوم ، قاضی محمد اشرف، ڈاکٹر عامر سہیل گورمانی، قاری محمد شعیب گورمانی و دیگر نے شرکت کی۔

 

اس موقع پر مولانا قاری عبدالحمید تونسوی نے خیر و برکت کیلئے دعا بھی  کرائی۔  آخر میں قاری محمد طیب قاسمی اور قاری محمد طیب گورمانی نے تمام دوستوں کی تشریف آوری پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

 

یہ بھی پڑھیں:

چشمہ کینال میں پانی کی بندش کے خلاف احتجاج، انڈس ہائی وے بلاک

چشمہ کینال کی بندش نے کمر توڑ دی، ریلیف پیکج دیا جائے۔ مقامی سیاسی و کسان رہنماؤں کامطالبہ

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے